گواہ ایڈورٹائزمنٹ کے زیرِ اہتمام گاؤں لدھا میں شاندار جشنِ آزادی، نوجوانوں نے پاکستان سے محبت کا منفرد اظہار کیا

shahidakhtarhazara
5 Min Read

اسلام آباد (ہم گواہ)گواہ ایڈورٹائزمنٹ کمپنی کے چیف ایگزیکٹیو شاہد اختر اعوان کی خصوصی کاوشوں سے ان کے آبائی گاؤں لدھا میں جشنِ آزادی کی ایک پروقار اور یادگار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں SGMA اکیڈمی کھلابٹ کی ٹیم، آصف خان کی قیادت میں، گاؤں لدھا میں جاری دوسرے فلیڈ لائٹ والی بال ٹورنامنٹ 2026 کے گراؤنڈ میں پہنچی تو اہلِ علاقہ، نوجوانوں اور کھلاڑیوں نے شاہد اختر اعوان کے ہمراہ مہمانوں کا شاندار استقبال کیا۔

جشنِ آزادی کی تقریب کا باقاعدہ آغاز ننھی طالبہ فاطمہ شاہد نے تلاوتِ قرآن پاک سے کیا۔ اس کے بعد گراؤنڈ میں موجود کھلاڑیوں، بچوں، نوجوانوں اور شائقین نے کھڑے ہو کر ہاتھوں میں ہاتھ ڈالے اور وطنِ عزیز پاکستان کی 79ویں سالگرہ کے موقع پر منفرد انداز میں قومی ترانہ پڑھ کر وطن سے اپنی محبت اور یکجہتی کا اظہار کیا۔

تقریب کے دوران بچوں اور نوجوانوں نے پاکستان سے یکجہتی اور محبت کے اظہار کے لیے شاندار مارشل آرٹس اور جمناسٹک کے مظاہرے پیش کیے، جنہیں حاضرین نے بھرپور داد دی۔ بچوں کی جانب سے پیش کیے گئے مختلف کرتب اور ملی جذبے سے بھرپور پرفارمنس نے جشنِ آزادی کی تقریب کو مزید یادگار بنا دیا۔

اس موقع پر جشنِ آزادی شو کے آرگنائزر اور گواہ ایڈورٹائزمنٹ کمپنی کے چیف ایگزیکٹیو شاہد اختر اعوان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک عظیم قربانیوں کا ثمر ہے۔ ہمارے بزرگوں نے آزادی کے حصول کے لیے اپنی جانوں، مال اور گھروں کی قربانیاں دیں، تب جا کر ہمیں ایک آزاد وطن نصیب ہوا۔ آج ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اپنے بزرگوں کی قربانیوں کو یاد رکھتے ہوئے پاکستان کی ترقی، خوشحالی، امن اور استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ جشنِ آزادی صرف جھنڈے لہرانے اور تقریبات منعقد کرنے کا نام نہیں بلکہ یہ دن ہمیں اس عزم کی یاد دہانی کرواتا ہے کہ ہم اپنے ملک سے وفاداری، قانون کی پاسداری، اتحاد، بھائی چارے اور مثبت سوچ کو فروغ دیں گے۔ خصوصاً نوجوان پاکستان کا قیمتی سرمایہ ہیں، اگر انہیں کھیل، تعلیم اور مثبت سرگرمیوں کے مواقع فراہم کیے جائیں تو وہ ملک و قوم کا نام دنیا بھر میں روشن کر سکتے ہیں۔

شاہد اختر اعوان نے مزید کہا کہ “نشے سے انکار، زندگی سے پیار” کے پیغام کے تحت گاؤں لدھا میں جاری فلیڈ لائٹ والی بال ٹورنامنٹ کا بنیادی مقصد بھی نوجوانوں کو صحت مند اور مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا ہے۔ کھیل نوجوانوں کو منفی سرگرمیوں سے دور رکھنے اور معاشرے میں نظم و ضبط، بھائی چارے اور برداشت کو فروغ دینے کا بہترین ذریعہ ہیں۔

اس موقع پر SGMA سپر جمناسٹک مارشل آرٹس اکیڈمی کے آصف خان نے کہا کہ میں نے ہمیشہ نوجوانوں کے ٹیلنٹ کو سامنے لانے اور انہیں مثبت سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنے کی کوشش کی ہے۔ ہمارے نوجوان بے پناہ صلاحیتوں کے مالک ہیں، ضرورت صرف اس امر کی ہے کہ انہیں درست سمت، مناسب تربیت اور حوصلہ افزائی فراہم کی جائے۔

آصف خان نے کہا کہ آج گاؤں لدھا میں بچوں اور نوجوانوں کی جانب سے مارشل آرٹس اور جمناسٹک کا شاندار مظاہرہ اس بات کا ثبوت ہے کہ ہمارے نوجوان پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں۔ ہمیں چاہیے کہ کھیلوں، تعلیم اور ہنر کے ذریعے نوجوان نسل کو مضبوط بنائیں تاکہ وہ ملک و قوم کی خدمت میں اپنا بھرپور کردار ادا کر سکے۔

انہوں نے جشنِ آزادی کے موقع پر گواہ ایڈورٹائزمنٹ کمپنی اور شاہد اختر اعوان کی جانب سے ایسی مثبت اور صحت مند سرگرمیوں کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی تقریبات نوجوانوں میں حب الوطنی کا جذبہ اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ علاقے کے لوگوں کو بھی ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرتی ہیں۔

تقریب کے اختتام پر پاکستان زندہ باد، پاک فوج زندہ باد اور قومی یکجہتی کے نعروں سے گراؤنڈ گونج اٹھا، جبکہ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ پاکستان کی ترقی، امن اور خوشحالی کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔ گاؤں لدھا میں جشنِ آزادی کی یہ خوبصورت تقریب نہ صرف قومی جذبے کی عکاس بنی بلکہ کھیل، ثقافت اور نوجوانوں کی مثبت سرگرمیوں کے فروغ کا بھی بہترین پیغام دے گئی۔

Share This Article
Leave a Comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *