ہری پور/پشاور : حکومت خیبرپختونخوا کے ہائر ایجوکیش ڈیپارٹمنٹ نے پاک آسٹریا فاخوخ شولے انسٹیٹیوٹ آف اپلائیڈ سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی PAF-IAST ہری پور کے پروجیکٹ ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر ناصر علی خان کو فوری طور پر عہدے سے فارغ کر دیا ہے۔
نوٹیفکیشن جاری
ہائر ایجوکیشن، آرکائیوز اینڈ لائبریریز ڈیپارٹمنٹ نے 10 جولائی 2026 کو نوٹیفکیشن نمبر SO(U-V)HE/2-8/Appointment of PD/PAF-IAST/2026 جاری کیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق یہ فیصلہ پاک آسٹریا فاخوخ شولے انسٹیٹیوٹ کے معزز چانسلر کی منظوری کے بعد کیا گیا۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ پروفیسر ڈاکٹر ناصر علی خان کو فوری اثرات کے ساتھ PAF-IAST ہری پور کے پروجیکٹ ڈائریکٹر کی ذمہ داریوں سے فارغ کیا جاتا ہے۔ نوٹیفکیشن کی کاپی پرنسپل سیکرٹری ٹو چیف منسٹر، چیف سیکرٹری، ریکٹر PAF-IAST، اور وزیر ہائر ایجوکیشن کے پی ایس سمیت دیگر متعلقہ حکام کو ارسال کر دی گئی ہے۔
4 سال سے متنازعہ تعیناتی
ذرائع کے مطابق ناصر علی خان مئی 2021 سے متعلقہ سیکرٹری کی منظوری کے بغیر عہدے پر تعینات تھے۔ سیکرٹری HED نے انہیں عہدے سے ہٹانے کے لیے سمری وزیر اعلیٰ KP کو ارسال کی تھی جس کی منظوری 19 مئی 2021 کو دی گئی۔ اس کے بعد گورنر KP نے بھی 26 مئی 2021 کو حتمی منظوری دی تھی۔
البتہ CM اور گورنر کی منظوری کے بعد سمری دوبارہ HED کو بھیجی گئی لیکن مبینہ طور پر محکمے میں دبا دی گئی۔ اس معاملے پر NAB اور خود سیکرٹری HED کے ماتحت 12 مئی 2026 سے ایک انکوائری بھی شروع کی گئی ہے۔
بدعنوانی اور ڈگری کا معاملہ
پروجیکٹ ڈائریکٹر کے خلاف پاک آسٹریا انسٹیوٹ کے معاملات میں خوردبرد، غیر قانونی بھرتیوں اور دیگر الزامات کی تحقیقات بھی NAB میں جاری ہیں۔
اس کے علاوہ HEC نے پروفیسر ڈاکٹر ناصر علی خان کی PhD میں سرقہ ثابت ہونے کے بعد پشاور یونیورسٹی کو ڈگری منسوخ کرنے کی ہدایات دی تھیں، تاہم اب تک یونیورسٹی کی جانب سے ڈگری منسوخ کرنے کا نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا۔


